ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : آئی این ایس وکرانت پر رات کے وقت مِگ - 29k طیاروں کی کامیاب لینڈنگ - بحری اڈے کے لئے تاریخی لمحہ

کاروار : آئی این ایس وکرانت پر رات کے وقت مِگ - 29k طیاروں کی کامیاب لینڈنگ - بحری اڈے کے لئے تاریخی لمحہ

Sat, 27 May 2023 21:56:32    S.O. News Service

کاروار،27 / مئی (ایس او نیوز) کاروار بحری اڈہ آئی این ایس کدمبا کے لئے وہ ایک تاریخی لمحہ تھا جب جمعرات کی شب میں دیسی شپ یارد میں بنے طیارہ بردار جنگی جہاز آئی این ایس وکرانت پر مِگ - 29k جنگی طیاروں نے  کامیاب لینڈنگ کی۔  
    
محکمہ دفاع کی طرف جاری کیے گئے بیان میں اسے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے آئی این ایس وکرانت پر رات کے وقت مِگ طیاروں کی کامیاب لینڈنگ کو بحری جہاز کے عملہ اور پائلٹوں کی استعداد اور پیشہ ورانہ صلاحیت وہنر مندی کا ثبوت قرار دیا ہے۔
    
آئی این ایس وکرانت نامی 45 ہزار ٹن وزنی طیارہ بردار جنگی جہاز کوچین شپ یارڈ میں 20 ہزار کروڑ روپوں کی لاگت سے تیار ہوا ہے ۔ اتنی بڑی ساخت کا جنگی جہاز تیار کرنے کی صلاحیت اب تک صرف امریکہ، یو کے، فرانس، روس اور چین کے پاس تھی۔ 

خیال رہے کہ اس سے پہلے 1961 سے 1997 تک آئی این ایس وکرانت نامی طیارہ بردار جہاز ہندوستانی بحری بیڑے کا حصہ تھا جسے بعد میں ڈی کمیشنڈ کر دیا گیا تھا ۔ اب خود اپنے ملک میں تیار شدہ اس نئے بحری جہاز کو وہی پرانا نام دیا گیا ہے ۔  اس وقت ہندوستانی بحری بیڑے میں آئی این ایس وکرانت کے علاوہ مزید تین طیارہ بردار جہاز موجود ہیں۔ 
    
فی الحال کاروار کے سی برڈ بحری اڈے میں نو تعمیر شدہ برتھنگ فیسیلٹی میں آئی این ایس وکرانت لنگر انداز ہے اور اس سال کے اختتام تک یہ جہاز اپنے ایئر ونگ کے ساتھ  مکمل ہو جائے گا جس میں 11 مگ - 29k جنگی طیارے  شامل رہیں گے۔ 


Share: